ہم کڑوی باتیں نہیں کرتے آپ کی کچھ حرکتیں ایسی ہیں؛ شاہ محمود کا سشما سوراج سے مکالمہ


بشکیک: کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آیا۔

اجلاس کے موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ انہوں نے سشما سوراج کو بتادیا ہے کہ پاکستان اب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ 'سشما سوراج نے مجھ سے گلہ کیا کہ آپ کبھی کبھی بہت کڑوی باتیں کرتے ہیں اس لیے آپ کیلئے مٹھائی لائی ہوں تاکہ آپ کی زبان میں شیرینی پیدا ہوا'۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ جواب میں انہوں نے کہا کہ 'ہم کڑوی باتیں نہیں کرتے آپ کی کچھ حرکتیں ایسی ہیں'۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ تمام مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں اپنا وجود اور تشخص منوانا ہے، ہم نے اپنا تشخص منوایا بھی ہے، حال ہی میں بھارت نے تجاوز کرنے کی کوشش کی تو ان کو معلوم ہوا کہ یہ اب نیا پاکستان ہے، بھارت کو منہ کی کھانی پڑی اور ان کے دو جہاز گرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ اچھے ہمسائے کی طرح رہیں، عمران خان نے پہلے دن کہا تھا کہ آپ ایک قدم بڑھائیں ہم دو بڑھائیں گے۔ 

مزید خبریں :