10 اگست ، 2012
دمشق. . . .شام کے صدر بشارالاسد نے سابق وزیراعظم ریاض حجاب کی جگہ وزیرصحت وائل الحلقی کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا ہے۔ریاض حجاب گذشتہ پیر کوپڑوسی ملک اردن منتقل ہوگئے اور باغیوں سے جا ملے تھے۔ان کے انحراف کے چند گھنٹے کے بعد ہی شامی صدر نے عمرغلوانجی کو ملک کا عبوری وزیراعظم مقرر کیا تھا۔لیکن شام کے صدر نے جمعرات کوایک صدارتی فرمان پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت وائل الحلقی کا ملک کے نئے وزیراعظم کے طور پر تقرر کیا گیا ہے۔وائل الحلقی 1964ء میں شام کے جنوبی صوبہ درعا میں پیدا ہوئے تھے۔شام میں فرانسیسی طرز کا صدارتی نظام رائج ہے جس میں وزیراعظم کو پارلیمان منتخب نہیں کرتی بلکہ صدر اس کا تقرر کرتا ہے اور اسے پارلیمان سے اعتماد کے ووٹ کی ضرورت پیش نہیں آتی۔