Time 29 مئی ، 2019
پاکستان

ملک میں دو عیدوں پر مجھے بھی دکھ ہوتا ہے: مفتی شہاب الدین پوپلزئی

فواد چوہدری سوچ سمجھ کر الفاظ کا استعمال کیا کریں، مفتی شہاب۔ فوٹو: فائل 

پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ختم نہیں کرنا چاہتا اور ملک میں دو عیدوں پر مجھے بھی دکھ ہوتا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ احادیث کی کتابوں میں 29 مقامات پر چاند دیکھ کر عید کرنے کا ذکر آیا ہے تو اب قمری کیلنڈر کے لیے شریعت کے اصول چھوڑے نہیں جا سکتے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری سوچ سمجھ کر الفاظ کا استعمال کیا کریں، بد زبانی سے ان کی اپنی ہی ذات پر فرق پڑے گا۔

فواد چوہدری کی جانب رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے سے متعلق سوال پر مسجد قاسم علی خان کے مہتمم کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ختم نہیں کرنا چاہتے، سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کو تجاویز دی ہیں، ان سے نا اتفاقی دور نہ ہو تو بتایا جائے۔

ملک میں دو عیدوں سے متعلق سوال پر مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ ملک میں دو عیدوں سے مجھے بھی دکھ ہوتا ہے، ہمارے پاس شریعت کا اصول موجود ہے جس کے تحت یہ بے اتفاقی ختم ہو سکتی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند دیکھنے کے لیے ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے آئندہ 5 سالوں کے لیے عیدوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا تھا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

مزید خبریں :