Time 03 جون ، 2019
پاکستان

کے پی حکومت کا مفتی منیب کی جگہ شہاب پوپلزئی کو چیئرمین ہلال کمیٹی بنانے کا مطالبہ

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ازسر نو تشکیل دیاجائے، شوکت یوسفزئی — فوٹو: فائل 

خیبرپختونخواحکومت نے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کو ہٹانےکا مطالبہ کیا ہے۔ 

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کو ہٹاکر ان کی جگہ شہاب الدین پوپلزئی کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے، ایسا کرنے سے ہوسکتا ہے ملک میں عید اور روزہ ایک ہی دن ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ازسر نو تشکیل دیا جائے، وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری یا ان کے محکمے کے اہلکار کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سے متعلق صحیح فیصلہ لینا پڑے گا، ملک کے دیگر صوبوں میں ایک ہی دن عید اور روزہ ہوتا ہے لیکن صرف خیبرپختونخوا میں الگ روزہ و عید ہوتی ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مفتی منیب الرحمان کی بہت خدمات ہیں تاہم اب انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کے حوالے سے کئی مسائل درپیش ہیں، خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی سطح پر مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان کرتے ہیں۔ 

کئی سالوں سے خیبرپختونخوا میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے برخلاف روزے اور عید منائی جاتی ہے، اس سال بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ایک دن قبل ہی روزے کا اعلان کیا تھا۔ 

مزید خبریں :