10 اگست ، 2012
لاہور…انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہناہے کہ اقلیتوں کی نقل مکانی تشویشناک ہے حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے۔ لاہور سے جاری ایچ آر سی پی کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے اقلیتوں کی نقل مکانی قابل تشویش ہے اور سول سوسائٹی کی متعدد یاددہانیوں کے باوجود ریاست انکے تحفظات دورکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔سندھ اور بلوچستان سے ہندووٴں کی بھارت منتقلی کی اطلاعات تواتر سے آرہی ہیں اور اقلیتوں کو مایوس کن حالات میں دھکیلا جارہاہے، کمیشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور اقلیتوں کی مشاورت سیان کی نقل مکانی کے اسباب کا ازالہ کیاجائے۔ گھوٹکی میں پولیس نے چھاپہ مار کر زمیندار کی نجی جیل سے جبری مشقت میں قید مرد خواتین اور بچوں سمیت پندرہ افراد کو بازیاب کرا لیا۔ ڈہرکی پولیس کے مطابق بیربل نامی شخص کی جانب سے دائر کردہ پٹیشن کے پیش نظر عدالتی حکم پر کھینجو کے علاقے میں زمیندار کی نجی جیل پر چھاپہ مار کر گذشتہ چار سالوں سے جبری مشقت میں قید،بچوں خواتین سمیت 15 افراد کو بازیاب کرالیا ہے بازیاب ہونے والے افراد نے بتایا کہ زمیندار ان سے دن کو مشقت اور رات کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھتے تھے ، رہائی پانے والے خاندان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ زمیندار فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔