پاکستان

سینیٹ میں شور شرابا اور ہنگامہ آرائی، حکومتی سینیٹرکی رضا ربانی سے بدسلوکی

جو بدمزگی آج ایوان میں ہوئی ہے ایسی پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی، انہوں نے آج اپنا زور لگایا اور رضا ربانی کے ساتھ بہت بدتمیزی کی، راجہ ظفرالحق کی میڈیا سے گفتگو — فوٹو: اسکرین گریب 

اسلام آباد: سینیٹ میں شور شرابے اور ہنگامی آرائی کے دوران حکومتی سینیٹر نعمان وزیر نے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے بدسلوکی کی۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا جس میں اپوزیشن ارکان کو بات نہ کرنے دینے پر احتجاج کیا گیا۔ 

جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا جس کے بعد دونوں طرف کے ارکان نے معاملہ ٹھنڈا کرایا۔

معاملات حل ہونے کے بعد ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ نے مولانا عطاء الرحمان کو مائیک دیا تو نعمان وزیر اپنی بینچ سے اٹھ کر اپوزیشن کی جانب دوڑے جنہیں ارکان نے روکا۔ 

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی حکومتی سینیٹر نعمان وزیر کے پاس بات کرنے گئے تو حکومتی رکن نے رضا ربانی کا ہاتھ جھٹکا جس کے بعد دونوں طرف سے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ 

اسی ہنگامی آرائی کے دوران وارڈنز نے حکومتی اور اپوزیشن بنچز کے درمیان حصار بنایا تاہم چیئرمین سینیٹ نے اسی دوران اجلاس ملتوی کردیا۔

جو سینیٹ میں ہوا وہ مناسب نہیں تھا، رضا ربانی

اس واقعے کے حوالے سے پی پی پی رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ میری انا کوئی حیثیت نہیں رکھتی، کوشش کی کہ اپنی انا کو ختم کردوں، مولانا عطا الرحمان میری بات ایک حد تک مان بھی گئے تھے لیکن جو سینیٹ میں ہوا وہ مناسب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے، پارلیمانی کی بالادستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے آج اپنا زور لگایا اور رضا ربانی کے ساتھ بدتمیزی کی: راجہ ظفرالحق

مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ جو بدمزگی آج ایوان میں ہوئی ہے ایسی پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی، انہوں نے آج اپنا اپنا زور لگایا اور رضا ربانی کے ساتھ بہت بدتمیزی کی گئی۔

رضا ربانی سابق چئیرمین ہیں، ان کی ایک عزت اور وقار ہے: شیری رحمان

پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رضا ربانی نے معاملات کو درست کرنے کی کوشش کی، جس کی جو رائے ہے، اسے اس ایوان میں بات کرنے کا حق ہے، جو آج ایوان میں ہوا وہ ہم نے پہلے نہیں دیکھا، رضا ربانی سابق چئیرمین ہیں، ان کی ایک عزت اور وقار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارجنٹ ایٹ آرمز کو بلانا پڑا، گتھم گتھا تک بات آنے لگی تھی، ہم کل بیٹھ کر قواعد و ضوابط اور حدود طے کریں گے، حکومتی ارکان نے آکر رضا ربانی سے معافی مانگی۔

یہ سسٹم کو خراب اور اس کے خلاف سازش کر رہے ہیں: سینیٹر مشاہداللہ خان

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اس ہاؤس کو یہ نہیں چلنے دے رہے، یہ سسٹم کو خراب کر رہے ہیں اور اس کے خلاف سازش کر رہے ہیں، یہ کوئی بات ہے کہ یہ کسی کو بات نہیں کرنے دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سوچ سکتے ہیں کہ رضا ربانی کے ساتھ ایسا ہو گا؟ یہ انجیکشن انہیں عمران خان نے لگایا کہ تم چپ کر کے کیوں بیٹھتے ہو؟ 

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں بھی بجٹ اجلاس کئی روز کی ہنگامہ آرائی کے بعد آج پرسکون انداز میں ہوا ہے جہاں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجٹ بحث کا آغاز کرتے ہوئے تقریر کی ہے اور بجٹ کو عوام دشمن قرار دیا ہے۔ 

مزید خبریں :