کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں اب تک ہونے والی ہیٹ ٹرکس

اگر ورلڈکپ تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اب تک کرکٹ ورلڈکپ میں 10 ہیٹ ٹرکس ہو چکی ہیں— فوٹو: فائل

کراچی: بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کرکٹ ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے بولرز کےکلب میں شامل ہوگئے، فاسٹ بولر نے یہ کارنامہ 22 جون کو افغانستان کے خلاف میچ میں سر انجام دیا۔

محمد شامی جو کہ رواں ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے، نے ہیٹ ٹرک مکمل  کر کے اپنی ٹیم کو 11 رنز سے کامیابی دلوا دی۔

دائیں ہاتھ کے بولر نے افغان ٹیم کے 3 بلے باز محمد نبی، آفتاب عالم اور مجیب الرحمان کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد شامی بھارت کی طرف سے ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر ہیں، ان سے قبل چیتن شرما نے 1987 میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین لگاتار بولڈ کر کے ورلڈکپ کی تاریخ کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اگر ورلڈکپ تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اب تک کرکٹ ورلڈکپ میں 10ہیٹ ٹرکس ہو چکی ہیں۔

نظر ڈالتے ہیں کہ دنیائے کرکٹ کے کون کون سے بولرز نے ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کی ہے۔

1۔ چیتن شرما (1987)

فوٹو:آئی سی سی 

کرکٹ ورلڈکپ کی سب سے پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھارتی فاسٹ بولر چیتن شرما کے پاس ہے، چیتن شرما نے 1987 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین لگاتار بولڈ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی، فاسٹ بولر کی ہیٹ ٹرک کا شکار بننے والے بلے بازوں میں کین رتھرفورڈ، این اسمتھ اور اوین چیٹفیلڈ شامل تھے۔

2۔ ثقلین مشتاق (1999)

فوٹو: فائل

کرکٹ شائقین کو ورلڈکپ تاریخ کی دوسری ہیٹ ٹرک کیلئے 12 سال اور تین ورلڈکپس کا انتظار کرنا پڑا۔ دوسری ہیٹ ٹرک پاکستان کی جانب سے ہوئی، پاکستان کے دائیں ہاتھ کے اسپنر ثقلین مشتاق نے 1999 ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ثقلین مشتاق نے زمبابوین بلےباز ہینری اولونگا، ایڈم ہیکل اور پومی مبانگوا کو آؤٹ کیا۔

3۔ چمندا واس (2003)

فوٹو: فائل

ورلڈکپ کی تیسری ہیٹ ٹرک سری لنکن فاسٹ بولر چمندا واس نے بنگلادیش کے خلاف کی۔یہ ہیٹ ٹرک اس حوالے سے منفرد ہے کیوں کہ یہ ہیٹ ٹرک پہلے اوور کی پہلی تین گیندوں پر ہوئی۔چمندا واس نے بنگلادیش کے حنان سرکار ،محمد اشرفل اور احسان الحق کو  اننگز کی پہلی تین گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی۔

4۔ بریٹ لی (2003)

فوٹو:آئی سی سی

چمندا واس کی ہیٹ ٹرک کے 11 روز بعد ہی 2003 ورلڈکپ کی دوسری ہیٹ ٹرک آسٹریلین فاسٹ بولر بریٹ لی کے حصے میں آئی۔

بریٹ لی نے یہ ہیٹ ٹرک کینیا کے خلاف حاصل کی، بریٹ لی نے کینیا کے کینیڈی اوٹینو ،بریجل پٹیل اور ڈیوڈ ابویا کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

5۔ لاستھ ملنگا (2007)

فوٹو:آئی سی سی

لاستھ ملنگا دنیائے کرکٹ کے واحد بولر ہیں جنہوں نے ورلڈکپ میں2 بار ہیٹ ٹرکس کی ہیں۔

ملنگا نے پہلی ہیٹ ٹرک 2007 ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کیخلاف حاصل کی۔اس ہیٹ ٹرک کی خاص بات یہ تھی کہ ملنگا نے چار گیندوں پر چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا، اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ میں پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کے بولر نے چار لگاتار آؤٹ کئے ہوں۔

ملنگا نے جنوبی افریقا کے شان پولک، اینڈریو ہال، جیک کیلس اور مکھایا انٹینی کو آؤٹ کیا۔

6۔ کیمار روچ (2011)

فوٹو:آئی سی سی

کیمار روچ ویسٹ اینڈیز کی جانب سے کرکٹ ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر ہیں۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے ہیٹ ٹرک 2011 ورلڈکپ میں نیدرلینڈ کے خلاف کی۔

کیمار روچ  نے نیدرلینڈ کے بلے باز پیٹر سیلر، برنرڈ لوٹس اور بیریند ویسٹجیک کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

7۔ لاستھ ملنگا (2011)

فوٹو:آئی سی سی

کیمار روچ کی ہیٹرک کے ایک روز کے بعد ہی سری لنکا کے فاسٹ بولر لاستھ ملنگا ورلڈکپ میں دوسری ہیٹ ٹرک کرکے دنیا کے پہلے بولر بن گئے جنھوں نے ورلڈکپ میں 2 ہیٹ ٹرکس مکمل کیں۔

ملنگا نے یہ کارنامہ کینیا کے خلاف انجام دیا، ملنگا نے تینمے میشرا، پیٹر اوگونڈا اور شیم گوچے کو آؤٹ کیا۔

8۔ اسٹیون فن (2015)

فوٹو: فائل

اسٹیون فن انگلینڈ کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے بولر ہیں انہوں نے ہیٹ ٹرک ورلڈکپ 2015میں آسٹریلیا کے خلاف آخری اوور میں حاصل کی۔

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے بریڈ ہیڈن، گلین میکسویل اور مچل جانسن کو پویلین کاراستہ دکھایا۔

9۔ جے پی ڈومینی (2015)

فوٹو: فائل

ورلڈکپ کی نویں ہیٹ ٹرک جنوبی افریقن اسپنر جے پی ڈومینی نے کی۔ جے پی ڈومینی نے ورلڈکپ 2015 کے کوارٹر فائنل میں سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک حاصل کی۔

دائیں ہاتھ کے اسپنر نے سری لنکن بلے باز، اینجیلو میتھیوز، نوان کولاسیکرا اور تھاریندو کوشل کو آؤٹ کیا۔

10۔ محمد شامی (2019)

فوٹو: فائل

دائیں ہاتھ کے بھارتی بولر محمد شامی نے افغانستان ٹیم کے خلاف اپنی پہلی اور بھارت کی جانب سے دوسری ورلڈکپ ہیٹ ٹرک کی۔

محمد شامی نے افغان ٹیم کے بلے باز محمد نبی،آفتاب عالم اور مجیب الرحمان کو پولین کی راہ دکھائی۔

مزید خبریں :