Time 28 جون ، 2019
کھیل

سیمی فائنل میں کون سی ٹیم کس طرح جاسکتی ہے ؟

پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دونوں میچز جیتنا ہوں گے اور انگلینڈ اور سری لنکا کی ایک ایک شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔ فوٹو: فائل

کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں اب تک کھیلے گئے میچز میں آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، انگلینڈ، بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پر تول رہی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 11،11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان اور بنگلادیش کے پوائنٹس 7، 7 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔

ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں ورلڈکپ سے باہر ہوچکی ہیں جب کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ایک ایک کامیابی درکار ہے۔

ورلڈکپ میں اب مزید 11 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے ٹیم پاکستان کو ایونٹ میں اپنے باقی دو میچز افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہیں۔

گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے لیکن پھر بھی گرین شرٹس کو انگلینڈ کی ایک شکست کا انتظار کرنا پڑے گا، ساتھ ہی سری لنکا کو بھی تین میں سے ایک میچ ہارنا ہوگا۔

اگر انگلش ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف باقی اپنے دو میچز جیتنے میں کامیاب ہوگئی تو وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، اور اگر ایک میچ جیتا تو اسے پاکستان، بنگلادیش اور سری لنکا کے میچز پر انحصار کرنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے صرف ایک کامیابی درکار ہے، اس کے باقی دو میچز آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ہیں، اگر کیویز ٹیم دونوں میچز ہار جاتی ہے تو اسے بھی انگلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، اور بنگلادیش پر انحصار کرنا ہوگا۔

بنگلادیشی ٹیم کو اگر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا ہے تو اسے اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے جو کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف ہیں۔

اسی طرح اگر سری لنکا کو سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے تو اُسے تینوں میچز جیتنا ہوں گے جو جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف ہیں۔ 

اگر انگلش ٹیم اپنے دونوں میچز جیت گئی اور سری لنکا بھی اپنے تینوں میچز جیتنے میں کامیاب رہی تو دونوں ٹیموں کے 12، 12 پوائنٹس ہوں گے اور سیمی فائنل میں جانے کے لیے دونوں کے درمیان رن ریٹ دیکھا جائے گا، ایسی صورتحال میں پاکستان کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

اگر سری لنکن ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن سیمی فائنل کھیلنے کے لیے اسے دیگر ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگر اپنے تینوں میچز جیت جاتی ہے تو اس کے 9 پوائنٹس ہوجائیں گے، لیکن پھر بھی وہ براہ راست سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکتی۔

مزید خبریں :