بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان—. فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کو اپوزیشن کی شکست قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے فنانس بل کو کثرت رائے سے منظور کیا گیا جب کہ اپوزیشن کی بجٹ میں کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد ہو گئیں۔

بجٹ منظوری پر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے اور اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک وقوم کے مفاد میں ہر قدم اٹھائے گی، عوام کی حکومت عوام کے روشن مستقبل کے لیے جرات مندانہ فیصلے کررہی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ خوشحال، خودانحصار اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کی طرف قدم ہے، وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی جدوجہد اورقربانی رنگ لائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ماہ و سال قوم اور ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کریں گے، عوام کی خوشحالی کا نصب العین حاصل کرکے رہیں گے۔

مزید خبریں :