پاکستان
Time 16 جولائی ، 2019

کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، رانا ثناءاللہ کیخلاف ثبوت موجود ہیں: شہریار آفریدی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا ہےکہ منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رانا ثناءاللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں جو عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ ’پاکستان کی اینٹی نارکوٹس فورس ایک پیشہ ورانہ فورس ہے جو انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی، دنیا بھر میں پاکستان میں اے این ایف کی سزا کی شرح 98 فیصد ہے، یہ لوگ کسی کوپھنسانے کا کام نہیں کرتے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’رانا ثناءاللہ کی گاڑی کی تین ہفتے تک مانیٹرنگ کی گئی، جب انہیں روکا گیا تو ان سے پوچھا یہ آپ کا سامان ہے جس پر رانا ثناء نے اپنے سامان کی تصدیق کی، ان کا سامان بھی ان سے پوچھ کر کھولا گیا‘۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ’قانون سے کوئی بالاتر نہیں، خواجہ آصف کو رب کی قسم ہے وہ رانا ثناء سے ان کی اولاد کی قسم لے کر پوچھیں یہ سامان کس کا ہے، اُن کی آنکھیں بتادیں گی، اگر کسی کے ذہن میں ہے کہ یہ ہم نے کیا، تو اللہ ہمیں سزا دےگا‘۔

شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا کہ ’رانا ثناءاللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، عدالت میں چیزیں جائیں گی، کہا جارہا ہے جوڈیشل ریمانڈ کیوں لیا، جسمانی ریمانڈ جب لیتے ہیں جب رنگے ہاتھوں نہ پکڑا ہو، ان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے، ہم مقدس گائے کا تاثر ختم کررہے ہیں، ہمیں کسی نے نہیں بتایا کہ اس کو نشانہ بنائیں، جان جاتی ہے تو جائے لیکن کمپرومائز نہیں کروں گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’رانا ثناء سے کہیں عدالت میں پیش ہوکر خود کو کلیئر کریں، ملک کی عزت اور ناموس کے ساتھ کھیلنے کی سیاست نہ کریں، آپ (ن لیگ) بغیر سوچے سمجھے رانا ثناء کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ’پاکستان سب کا ہے، تمام جماعتوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، یہ تجاویز لائیں گے ہم خوش آمدید کہیں گے لیکن جو پاکستان، آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے مثال بنادیں گے‘۔