گلگت ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پی آئی اے کا طیارہ پھسل گیا


گلگت ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پی آئی اے کا طیارہ رن وے سے اتر کر کچے پر پھسل گیا۔

پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت پہنچنے والی پرواز  پرواز پی کے 605 لینڈنگ کے دوران گلگت ائیر پورٹ پر کچے پر پھسل گئی جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے وقت طیارے میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے۔

پی آئی اے کے ترجمان ارشد ملک کے مطابق پی کے 605 کے تمام مسافر خیریت سے ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ۔ فوٹو: جیو نیوز

ترجمان پی آئی  اے نے بتایا کہ طیارہ دائیں جانب ونگ کی وجہ سے مکمل طور پر نہیں گر سکا تاہم واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق  اے ٹی آر طیارے کو خاتون پائلٹ مریم اڑارہی تھیں، واقعے کوفی الحال غفلت قرار نہیں دے سکتے، واقعے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے جب کہ پائلٹ مریم اور معاون پائلٹ وقاص کے یورین اور خون ٹیسٹ کے لیے نمونے لے کر ان کا ابتدائی بیان بھی لے لیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹ گراونڈ کردیے گئے، واقعے کی تحقیقات کا انتظار کرنا چاہیے، تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :