13 اگست ، 2012
اسلام آباد … وزارت پانی و بجلی نے عید الفطر پر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان وزارت پانی و بجلی طاہر خلیق کا کہنا ہے کہ عید پر کہیں بلاوجہ لوڈ شیڈنگ یا بڑا مسئلہ ہوا تو متعلقہ سربراہ ذمہ دار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق نیا شیڈول بھجوایا جائے، عید الفطر پر کہیں بلاوجہ لوڈ شیڈنگ یا بڑا مسئلہ ہوا تو متعلقہ سربراہ اس کا ذمہ دار ہوگا۔ طاہر خلیق نے مزید کہا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے عید الفطر پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔