07 فروری ، 2012
کراچی … ملک کے بیشتر علاقے سائبیریا سے داخل ہونے والی سرد ہواوٴں کے زیر اثر ہیں جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی نئی لہر جاری ہے، برفانی ہوائیں بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہو چکی ہیں اور کراچی، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد سمیت سندھ کے بیشتر علاقے پورا ہفتہ ان سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اگلے 2 روز کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت مزید گر جائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم سر د ہوائیں چلتی رہیں گی۔ ڈائریکٹر موسمیات ڈاکٹر حنیف کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف بار ی کا نیا سلسلہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے۔