13 اگست ، 2012
لاہور… لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں نے چودھری پر ویز الٰہی سے کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے فوٹو گرافرز کی صحافت کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافت کا شعبہ فوٹوگرافرز اور کیمرہ مینوں کے بغیر نا مکمل ہے، یہ لوگ اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے فرائض منصبی پورے کرتے ہیں اور عوام تک حقیقی صورتحال کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اکمل بھٹی کے توجہ دلانے پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور پریس کلب میں چودھری منظور الٰہی ہال کو بہتر بنانے کیلئے وہ مونس الٰہی سے کہیں گے۔ نائب صدر عمر شریف اور فنانس سیکرٹری عمران شیخ نے کہا کہ صحافی کالونی کا کام آپ کی حکومت کے بعد آگے بڑھنے کی بجائے وہیں رکا ہوا ہے بلکہ ن لیگ کے ایم پی ایز نے مختلف پلاٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی سے درخواست کی کہ صدر زرداری کو یاد دلائیں کہ انہوں نے فوٹوگرافرز سے لاہور پریس کلب کو صحافی کالونی کی مد میں 2 لاکھ روپے فی کس رعایت دینے کا وعدہ کیا تھا۔