Time 22 اگست ، 2019
پاکستان

پی آئی اے پرواز میں خاتون کو دل کا دورہ، طیارے کی ماسکو میں ہنگامی لینڈنگ

طیارے کے کپتان خالد انور نے طیارے کو قریبی ماسکو ائیر پورٹ اتار دیا جہاں سے مریضہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا— فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی لندن سے لاہور کی پرواز PK758 میں خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب طیارے کو ماسکو میں اتارنا پڑا۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق 58 سالہ خاتون مسافر کی جان بچانے کیلئے طیارے کے کپتان نے پرواز کا رخ موڑتے ہوئے طیارے کو ماسکو لینڈ کرادیا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کیبن کریو نے طیارے میں موجود تین ڈاکٹرز کی مدد سے خاتون مسافر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

خاتون مسافرکی طبی حالت کے پیش نظر طیارے میں موجود ڈاکٹرز نے مریضہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

طیارے کے کپتان خالد انور نے طیارے کو قریبی ماسکو ائیر پورٹ اتار دیا جہاں سے مریضہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مسافر شہناز اختر کی طبی حالت اب بہتر ہے اور پی آئی اے نے لاہور میں ان کے عزیز واقارب کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔

طیارہ دو گھنٹے ماسکو میں رکنے کے بعد اپنی منزل لاہور کیلئے پرواز کرگیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک اور چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر نے کاک پٹ کریو اور کیبن کریو کی خدمات کے اعتراف میں ان کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :