07 فروری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر پانی وبجلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ کل (منگل سے) ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی جبکہ گزشتہ 3سال کے دوران لائن لاسز کی وجہ سے 473 ارب روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس قدر خسارے کے باوجود واپڈا پنے ملازمین کو ماہانہ 28 لاکھ سے زائد یونٹ بجلی مفت فراہم کر رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پانی وبجلی نوید قمر نے پیپلز پارٹی کے ہی رکن سلیم حیدر کی طرف سے 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی نشاندہی پر کہا کہ وہ ایوان کو یقین دلاتے ہیں کہ کل سے ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 3 سال میں بجلی کی پیداوار میں 3 ہزار میگاواٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ ایک سوال پر پارلیمانی سیکریٹری مہرین رزاق بھٹو نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو سال11-2010ء کے دوران 7 ارب 90 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا ہے۔ وزارت صنعت کے پارلیمانی سیکریٹری سید حیدر علی شاہ نے بتایا کہ ملک میں یوریا کھاد کی کوئی کمی نہیں ہے اور موجودہ بحران اور بلیک مارکیٹنگ کی ذمہ دار صوبائی حکومتیں ہیں، اس بارے میں چیف سیکریٹریز کو خطوط لکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر ایوان کی کمیٹی بنا دی جائے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے بتایا کہ اس سال حجاج کرام کو کرایے کے مطابق تین کیٹیگریز میں رہائش گاہیں فراہم کی جائیں گی۔