Time 02 ستمبر ، 2019
پاکستان

ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے، شیخ رشید کا اعتراف

ایم ایل ون منصوبہ عمران خان کی قیادت میں مکمل ہو گا: شیخ رشید۔ فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے اعتراف کیا ہے کہ ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے۔

لاہور میں سی ای او ریلوے آفتاب اکبر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر عشائیے سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے درجنوں نئی ٹرینیں چلائیں اور مزید ٹرینیں بھی چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ عمران خان کی قیادت میں مکمل ہو گا، مال گاڑیوں کی تعداد بڑھائیں گے اور ریلوے کے ذریعے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔

شیخ رشید نے اس موقع پر اعتراف بھی کیا کہ ہم ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے کیونکہ یہاں بہت سیاست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم خراب ہوا جس سے مسائل پیدا ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کوئی کرپشن ہوئی تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے کیونکہ وزیر کے بغیر کرپشن ممکن ہی نہیں ہے۔

کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر کی جنگ الیکٹرانک میڈیا نے لڑی ہے، مسئلہ کشمیر پر سب کو ایک پلیٹ فارم پر کھڑا ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے باہر کشمیر ریلی میں کرنٹ لگنے کے بعد توانائی میں اضافہ ہوا ہے۔

ملکی سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چور لٹیروں سے اگر آئی ایم ایف اور ریکوڈیک کے برابر ریکوری ہوتی ہے تو ان سے جان چھڑا لینی چاہیے لیکن وزیراعظم کسی عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

مزید خبریں :