14 اگست ، 2012
اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام بھی اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی،پارٹی رہنما راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت اداروں کی بقا اور سپریم کورٹ کی مضبوطی کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔اسلام آباد میں منعقد تقریب میں راجا ظفر الحق نے پارٹی کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ نیب حکومتی احکامات کے مطابق کام کررہا ہے،صرف سپریم کورٹ آزادی سے کام کررہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود عناصر شفاف انتخابات نہیں چاہتے ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔