14 اگست ، 2012
لاہور…لاہور کے علاقے کامران بلاک اقبال ٹاوٴن میں ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔پولیس کے روایتی بیان کے مطابق کامران بلاک کے رہائشی خالد نامی شہری کے کزن کرنل ریٹائرڈ فاروق اپنی فیملی کے ساتھ ان کے گھر کے باہر پہنچے ہی تھے کہ موٹرسائیکل سوار دو ڈاکووٴں نے گن پوائنٹ پر لے لیا۔لوٹ مار کے دوران کرنل فاروق نے مزاحمت کی تو ڈاکووٴں نے فائرنگ کر کے انھیں زخمی کر دیا۔ تاہم اس دوران پولیس موقع پر پہنچی اور کراس فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔دوسری طرف اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کو پکڑا تھا،جس پر اس کی چھترول کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا لیکن تھوڑی ہی دیر بعد ڈاکو کی ہلاکت کی خبر آگئی۔