پاکستان
Time 11 ستمبر ، 2019

پولیس حراست میں ہلاک ہونیوالے صلاح الدین کے ورثا کا پوسٹ مارٹم رپورٹ ماننے سے انکار

فائل فوٹو: صلاح الدین

رحیم یار خان: پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے ورثا نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

جیونیوز کے مطابق صلاح الدین کے والد محمد افضال نے جوڈیشل مجسٹریٹ رحیم یار خان کی عدالت میں دی گئی درخواست میں حکومت، ایم ایس شیخ زاید اسپتال اور پولیس کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں بتائے بغیر صلاح الدین کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا حالانکہ صلاح الدین کے بازو پر اس کا نام پتا اور فون نمبر لکھا ہوا تھا، پوسٹ مارٹم کی کاپی بھی انہیں فراہم نہیں کی گئی تھی۔

پولیس حکام نے زبانی یقین دہانی کرائی تھی کہ صلاح الدین کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ہیں، اپنے گاؤں گورالی لے جا کر لاش کو غسل دیتے وقت دیکھا تو صلاح الدین کے نازک اعضا اور جسم کے دوسرے حصوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے جن کی تصاویر بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

صلاح الدین کے والد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ صلاح الدین کی قبر کشائی کروا کے صوبائی میڈیکل بورڈ سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیا جائے۔


مزید خبریں :