15 اگست ، 2012
اسلام آباد … پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب میں ہفتے سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جو 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ چنیوٹ، میاں چنوں، وہاڑی، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، جہانیاں، کھاریاں، منڈی بہاوٴالدین، گجرات اور جہلم سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان ڈویژن میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے، جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، دوسری جانب پاراچنار اور مضافات میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار ہے تاہم درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سبب بنے والی ہوائیں ہفتے کو بالائی پنجاب میں داخل ہونے کا امکان ہے اور لاہور سمیت بالائی پنجاب میں ہفتے کی شام کو شروع ہونے والی بارش کا یہ سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس طرح عیدالفطر کو بھی لاہور میں بارش ہوسکتی ہے، تاہم جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے دیگر علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔