پاکستان
15 اگست ، 2012

سینیٹ قائمہ کمیٹی :دفاعی پیداوار کے شعبے میں نجی سیکٹر کو شامل کرنیکی سفارش

سینیٹ قائمہ کمیٹی :دفاعی پیداوار کے شعبے میں نجی سیکٹر کو شامل کرنیکی سفارش

اسلام آباد … سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں نجی سیکٹر کو شامل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کا سینٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ قواعد میں موجود ہونے کے باوجود ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا اور پی او ایف واہ کے بورڈ میں آج تک نجی شعبے سے کسی ممبر کو شامل نہیں کیا گیا، کمیٹی نے بورڈ میں نجی ممبر کو شامل کرنیکی ہدایت کی۔ ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا نے بتایا کہ اس سال ادارے کا ریونیو 585 ملین روپے سے کم ہو کر 340 ملین روپے رہ جانے کا امکان ہے۔ ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین جلد جے ایف 17 طیارے کی برآمد شروع کر دیں گے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی او ایف واہ اور ایچ آئی ٹی کو مالی معاملات میں وزارتوں کی جانب سے رکاوٹ کا سامنا ہے۔ کراچی شپ یارڈ نے بتایا کہ ای سی سی نے اپنے فیصلے میں میری ٹائم اداروں کو پابند کیا تھا کہ وہ کراچی شپ یارڈ سے مصنوعات کی خریداری کریں لیکن ایسا نہیں کیا جارہا۔ کمیٹی نے قرارداد منظور کی کہ پی او ایف، ایچ آئی ٹی اور کراچی شپ یارڈ کیلئے بنائے گئے قوانین پر عملدآمد کیا جائے۔ اس معاملے پر وزارت دفاع، خزانہ اور دفاعی پیداوار کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے 6 ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر شہداء کے علاقوں میں جانے کا بھی فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :