پی آئی اے ڈے کیئر سینٹر میں بچے پر تشدد کی حقیقت سامنے آگئی


کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) ہیڈ آفس ڈے کیئر سینٹر میں بچے پر تشدد کی حقیقت سامنے آگئی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بچے پر تشدد کا واقعہ فروری 2018 میں پیش آیا، واقعے میں ملوث خاتون ڈیلی ویجز پر تھی جسے نوکری سے نکالا جا چکا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہوئی تو خواتین اپنے بچوں کیلئے پریشان ہو کر ڈے کئیر سینٹر میں جمع ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق تشدد کی ویڈیو ڈے کیئر سینٹر کی ہی ایک خاتون ملازم نے وائرل کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو وائرل کرنے والی ڈیلی ویجز پر ملازم خاتون اپنا ٹرانسفر کرانا چاہتی تھی، ٹرانسفر میں ناکامی پر خاتون نے پرانی ویڈیو وائرل کردی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ویڈیو وائرل کرنے والی خاتون ملازم کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ڈے کیئر سینٹر میں مؤثر نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں، ڈے کیئر سینٹر میں ملازمین کی کارکردگی کی جانچ اور سہولتوں کو بھی بہتر بنا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ڈے کیئر سینٹر میں بچوں کی نگہداشت کے نظام کو بہتر بنا دیا گیا ہے، خواتین ملازمین اپنے بچوں کی ڈے کیئر سینٹر میں نگہداشت سے مطمئن ہیں۔

مزید خبریں :