07 فروری ، 2012
لاہور… لاہور کھاڑا اسٹاپ کے قریب فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے گرنے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام پچھلے چوبیس گھنٹوں سے جاری ہے،ابھی تک ملبے سے17 لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔اندازہ ہے کہ تا حال 30 سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ پیر کی صبح ساڑھے8بجے کھاڑک اسٹاپ کے قریب یہ واقع ادویہ سازفیکٹری میں بوائلرپھٹنے سے پیش آیا تھا،دھماکے سے فیکٹری کی 3منزلہ عمارت کے علاوہ3ملحقہ گھروں کی چھتیں بھی گر گئی تھیں جہاں ریسکیو ٹیمیں،سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار پچھلے چوبیس گھنٹے سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں،تاہم تنگ گلیوں اور ریسکیوئرز کے پاس جدید آلات نہ ہونے کے باعث کام سست روی کا شکار ہے۔ ریسکیو زرائع کے مطابق رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جس کی وجہ سے بھاری مشینری علاقے میں نہیں آسکتی اور کام سست روی کا شکار ہے ،تاہم ان کی کوشش ہے کہ ملبے کو جلد از ہٹایا جائے تاکہ اس کے نیچے دبے افرادکو جلد نکالا جا سکے۔دوسری جانب تھانہ سبزہ زار پولیس نے سانحے کا مقدمہ فیکٹری مالکان دو بھائیوں شیخ ظہیر اور شیخ ظفر کے خلاف درج کر لیا ہے۔جس میں قتل اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں،مالکان تو مفرور ہیں،مگر فیکٹری منیجرمنیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔