07 فروری ، 2012
اسلام آباد… ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ گلگت بلتستان ڈویژن میں موسم ابرآلود ہے ،سوات میں موسم بہتر ہونے کے بعد بازاروں میں لوگوں کا رش ہے۔ مری میں موسم صاف ہونے کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے، دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامناہے ،کئی مقامات پررابطہ سڑکیں اب بھی بند ہیں ،اسکردو اور گانچھے میں موسم ابر آلود ہے ، استور میں چار روز بعدبرفباری تھم گئی ہے ،بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے خوارک اور ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ہزارہ اور مالاکنڈڈویژن میں ایک ہفتے بعد موسم صاف ہوگیا ہے۔ موسم بہترہونے کے بعدسوات کے بازاروں میں رش ہے۔ جنوبی وزیرستان اورکرم ایجنسی میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے لیکن شدید سردی کے باعث لائنوں میں پانی جمنے سے لوگ پریشان ہیں ۔بلوچستان کے صحت افزا مقام زیارت میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا اور سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔۔۔ مگر بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے سیاحوں کو مایوسی کا سامنا بھی ہے ۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ زیارت کا قدرتی حسن اپنی جگہ مگر شدید برف باری اور سخت سردی میں زندگی کو رواں دواں رکھنے اور سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت بلوچستان کو ضروری اقدامات کرنا ہوں گے