16 اگست ، 2012
کراچی … غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 4 سال سے زائد عرصے بعد ایک بار پھر 15 ہزار پوائنٹس کی سطح تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ کراچی اسٹاک ایکس چینج کا 100 انڈیکس آج 29 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 15 ہزا پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اس سے پہلے 30 اپریل 2008ء کو آخری بار کے ایس ای100 انڈیکس اس سطح پر بند ہوا تھا۔ حالیہ چند ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ کی بہتری کیلئے کئے جانے والے فیصلوں کے باعث مارکیٹ کے کاروباری حجم اور سرمایا کاروں کی دلچسپی میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کی جانب سے بنیادی شرح سود میں کمی کے فیصلے نے بھی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایاکاروں کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں غیرملکی سرمایاکار بھی سرگرم دکھائی دیتے ہیں اور آج غیرملکی سرمایاکاروں نے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص خریدے۔