16 اگست ، 2012
کراچی…پی آئی اے میں ایک اور جنرل منیجر کو ترقی دے کے ڈائریکٹر کسٹمر سروسز بنا دیا گیا ہے جبکہ شعبہ کسٹمر سروسز کے دو ڈائریکٹر پہلے ہی سرپلس پول میں موجود ہیں۔ موجودہ انتظامیہ اب تک چار جنرل منیجرز کو ترقی دے کر ڈائریکٹر اور دو ڈائریکٹرز کو ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر بنا چکی ہے۔ اس کے علاوہ ایئرلائن میں پہلے ہی چار ڈائریکٹرز بغیر اسائمنٹ کے موجود ہیں۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق جنرل منیجر مظہر کیا نی کو ترقی دے کر ڈائریکٹر کسٹمر سروسز بنا دیا گیا ہے ، جبکہ موجود ڈائریکٹر کسٹمر سروسز شاہنواز رحمان کو تبدیل کرکے انہیں ایئرلائن کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ پی آئی اے میں ایئرلائن کوآرڈینیٹر کا نیا عہدہ تشکیل دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ایئرلائن پر بوجھ کم کرنے کے نام پر مختلف شعبہ کو آپس میں ضم کرکے چار ڈائریکٹرز کو سرپلس کردیا، لیکن اس کے بعد جنرل منیجرز کو ترقی دے کے مزید چار نئے ڈائریکٹر اور دو نئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر بنادیئے۔