15 اکتوبر ، 2019
کراچی میں جاری تیسری نیشنل رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن بابر مسیح کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئے۔
رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن بابر مسیح فائنل 4 میں جگہ نہ بناسکے اور کوارٹر فائنل میں سہیل شہزاد کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
سہیل اور بابر کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، ایک فریم سہیل جیتے تو دوسرا بابر اور مقابلہ 4،4 سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن فریم میں سہیل شہزاد نے بابر مسیح پر قابو پاتے ہوئے 4-5 سے فتح اپنے نام کرلی۔
محمد سجاد اور عبدالستار کے درمیان میچ میں بھی دونوں کیوئسٹس نے بھرپور مہارت اور خوبصورت پوٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری فریم تک جانے والا یہ میچ سجاد نے 4-5 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
محمد بلال اور محمد اعجاز کے درمیان میچ بھی آخری فریم تک سنسنی خیز رہا، اعجاز نے ابتدائی 2 فریمز جیتے جس کے بعد بلال نے کم بیک کیا اور پھر دونوں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، اس دوران شائقین کو بھرپور کیو کنٹرول دیکھنے کا موقع ملا۔
بیسٹ آف نائن فریمز کا یہ میچ محمد بلال نے 4-5 سے اپنے نام کیا۔
ایک اور کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے اسجد اقبال کو 2 کے مقابلے میں 5 فریمز سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز بدھ کو کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل محمد سجاد اور محمد بلال جبکہ دوسرا سیمی فائنل سہیل شہزاد اور محمد آصف کے درمیان کھیلا جائے گا۔