16 اکتوبر ، 2019
کراچی: جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن مکمل طور پر مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہے، بہت سی باتیں ن لیگ کی قیادت اور مولانا فضل الرحمٰن میں طے ہوچکی ہیں۔
میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے ایک اور فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی ہے، حکومت نے بزنس کمیونٹی سے وعدہ کیا اور پھر اسے واپس لے لیا، سوال اٹھ رہا ہے کہ حکومت کس دباؤ کے تحت اپنے ہی فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ مسلم لیگ ن مکمل طور پر مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہے، بہت سی باتیں ن لیگ کی قیادت اور مولانا فضل الرحمٰن میں طے ہوچکی ہیں، ن لیگ اسلام آباد تک آزادی مارچ میں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہوگی، یہ بھی طے ہوچکا ہے کہ اسلام آباد کے جلسہ میں ن لیگ کی طرف سے کون کون اسٹیج پر بیٹھے گا۔
شہباز شریف کا آزادی مارچ سے متعلق بنیادی تحفظ یہ تھا کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے نہیں ہٹاسکے تو پھر کیا ہوگا۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی اکثریت دھرنے میں شامل ہونے کیلئے تیار ہے البتہ پیپلز پارٹی میں تحفظات ہیں۔