17 اگست ، 2012
راولپنڈی…آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شمالی وزیرستان میں پاک امریکامشترکہ آپریشن سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ عوام اورمسلح افواج کیلئے ناقابل قبول ہے، اس پرریڈلائن کھینچ رکھی ہے۔ ان کاکہناہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کافیصلہ ملک کے سیاسی وعسکری تقاضوں کوسامنے رکھ کرکیاجائیگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل اشفاق کیانی اور جنرل جیمز میٹس کے درمیان گزشتہ شب ، راول پنڈی میں ملاقات ہوئی۔ جنرل کیانی نے مشترکہ آپریشن اورباہمی رابطوں کے ساتھ کارروائی کے فرق کوواضح کرتے ہوئے کہاکہ باہمی رابطوں کے ساتھ کارروائی کے تحت پاکستان اور ایساف فورسز افغان سرحد پر اپنی اپنی حدود میں کارروائی کر سکتی ہیں۔ ان کارروائیوں کے لیے خفیہ معلومات کا تبادلہ باہمی تعاون ہے۔ جبکہ مشترکہ آپریشن میں دونوں فورسز سرحد کی ایک ہی طرف مشترکہ کاروائی کرتی ہیں جوناقابل قبول ہے۔ جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متعلق فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کوہرصورت مقدم رکھاجائیگا۔