پاکستان
Time 30 اکتوبر ، 2019

ن لیگ کے رہنما کیپٹن صفدر ضمانت منظور ہونے کے بعد جیل سے رہا


اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو درخواست ضمانت منظور  ہونے کے بعد کیمپ جیل لاہور سے رہا کر دیا گیا۔

جیو نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے وکلاء نے ان کی گرفتاری کے اگلے ہی روز ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت کی جانب سے 25 تاریخ کے نوٹس جاری کیے گئے تھے تاہم جج کی چھٹی کے باعث ضمانت کی درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔

بعدازاں لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا آصف علی نے ہفتے کے روز کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست ضمانت پر سماعت کر کے اسے مسترد کر دیا تھا۔

تاہم اب  لاہور کی سیشن عدالت نے  2 لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکوں کے عوض کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

بعد ازاں قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کیمپ جیل لاہور سے رہا کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ لاہور پولیس نے محمد صفدر کو  چند روز قبل راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم گرفتاری کے اگلے ہی روز جب انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے ان پر مزید دو مقدمے درج کر دیئے تھے۔


مزید خبریں :