07 فروری ، 2012
لاہور… لاہور… لاہور کھاڑا اسٹاپ کے قریب فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے گرنے والی عمارتوں کے ملبے سے 31گھنٹے گذرنے کے بعد ایک ساٹھ سالہ خاتون کو زندہ سلامت نکال لیا گیا ہے۔ ملبہ ہٹانے کا کام پچھلے 31گھنٹوں سے جاری ہے،ابھی تک ملبے سے19لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔اندازہ ہے کہ تا حال درجنوں افراد تا حال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ریسکیو کے عملے کو ملبے تلے ایک جگہ سے آوازیں آئیں جس پر احتیاط کے ساتھ ڈرل کی گئی اور خلاء بنا کر ساٹھ سالہ خاتون کو زندہ باہر نکال لیا گیا۔ واضح رہے کہ تنگ گلیوں اور ریسکیوئرز کے پاس جدید آلات نہ ہونے کے باعث کام سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے لواحقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ریسکیو زرائع کے مطابق رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جس کی وجہ سے بھاری مشینری علاقے میں نہیں آسکتی اور کام سست روی کا شکار ہے ،تاہم ان کی کوشش ہے کہ ملبے کو جلد از ہٹایا جائے تاکہ اس کے نیچے دبے افرادکو جلد نکالا جا سکے۔