19 نومبر ، 2019
شہرقائد میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مخصوص اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے باوجود گلبائی چوک پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار کا انوکھا کارنامہ منظرعام پر آگیا۔
400 روپے کے عوض اہلکار نے خود ٹرک میں بیٹھ کر حدود پار کروادی اور اسے شہر میں داخل کرادیا۔
گلبائی چوک پر تعینات بدعنوان اہلکار کا انوکھا کارنامہ منظر عام پر آگیا جس نے اپنی حدود میں ایک ٹرالر کو روکا اور 400 روپے میں خود ٹرک میں بیٹھ کرحدود کراس کروادی۔ واضح رہے کہ حادثات کی وجہ سے مخصوص اوقات میں ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رشوت کی رقم طے کرنے پر ٹرالر ڈرائیور اور ٹریفک اہلکار کی 5 منٹ تک بحث بھی چلتی رہی، اہلکار کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے بھائی ہو، میں نے آپ کو 1000 روپے نہیں بولے، ہمیں سب کچھ دیکھنا اور کرنا پڑتا ہے۔
اہلکار نے انکشاف کیا کہ افسر کہتا ہے ہمیں بلا لیا کرو آپ خود پیسے نہ لیا کرو، آپ مجھے 400 دے دو، میں آگے کہوں گا آپ نے 5 سو دیے، ڈرائیور نے 350 روپے رکھ دیے لیکن اہلکار راضی نہ ہوا البتہ جیسے ہی ڈرائیور نے 400 پورے کیے اہلکار کا رویہ تبدیل ہوگیا۔
ٹریفک اہلکار نے خود ٹرالر میں بیٹھ کر ڈرائیور کو شہر میں داخل کروا دیا۔
ٹریفک اہلکار کی جانب سے شہر میں دن کے اوقات میں ٹرالر چھوڑنا بڑھتے ہوئے حادثات کا سبب ہے۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس کے اعلی افسران نے نوٹس لیتے ہوئے اہلکار کو معطل کردیا ہے۔