نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کی سمری وزیراعظم کو ارسال


وزارت قانون نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کیلئے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے، موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ 20 دسمبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ تاثر جارہا ہے کہ ملک میں طاقتور اور کمزور لوگوں کے لیے الگ الگ قانون ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ انصاف دے کر اس ملک کو آزاد کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی نظام عدل کاتاثر یہی ہے کہ یہاں طاقتور کے لیے ایک قانون ہے اور کمزور کے لیے دوسرا، عدلیہ عوام میں اپنا اعتماد بحال کرے، چیف جسٹس کھوسہ اور ان کے بعد آنے والے جسٹس گلزار ملک کو انصاف دے کر آزاد کریں، ماضی میں ایک چیف جسٹس کو فارغ کرنے کے لیے دوسرے جج کو نوٹوں کے بریف کیس دے کر بھیجا گیا ۔ سیاسی مخالفین کو سزائیں دلوانے کے لیئےفون پر فیصلے لکھوائے گئے ۔

اس کے جواب میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم طاقتوروں کا طعنہ ہمیں نہ دیں، جس کیس کا طعنہ وزیراعظم نے ہمیں دیا اس کیس میں باہر جانے کی اجازت وزیراعظم نے خود دی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہماری عدلیہ میں ایک خاموش انقلاب آگیا ہے۔ آج سےکچھ سال پہلے ججوں نے فیصلہ کیا تھا کہ کوئی التوا نہیں ہوگا، تین بینچ ایسے ہیں جہاں التوا کی درخواستیں نہیں لی جاتیں، 2009 سے پہلے کی عدلیہ سے ہمارا موازنہ نہ کریں، 2009 ایسا سال تھا جس کے بعد عدلیہ مختلف ہے‘۔

مزید خبریں :