Time 24 نومبر ، 2019
پاکستان

’اپوزیشن کیوں چاہتی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرکے جائیں؟‘

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے  تاہم اس معاملے میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور فارن فنڈنگ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیوں چاہتی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جانے سے پہلے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کر کے جائیں؟ اس معاملے میں دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن اپوزیشن کی خواہشات کے تابع ہے؟ اپوزیشن نے جس الیکشن کمیشن پر دھاندلی زدہ انتخابات کرانے کا الزام لگایا، اسی سے فیصلہ کرانے کی جلدی کیوں ہے؟ 

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اسکروٹنی سے گزرنے پر اعتراض نہیں مگر الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کا آڈٹ کرے۔

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے 6 دسمبر 2014 کو چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا، ان کی مدت ملازمت 6 دسمبر کو مکمل ہوجائے گی۔

نہ پہلے کچھ چھپایا نہ اب چھپائیں گے: حماد اظہر

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ چائے کی پیالی میں طوفان کو بڑابنا دیا گیا، فارن فنڈنگ کیس کو اپوزیشن نے ایسا پیش کیا جیسے بہت بڑی چیز سامنے آگئی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن 10 مہینے یہ کیس لیکر بیٹھارہا، اب اسکروٹنی کمیٹی بنائی گئی، ہم پیش ہوں گے، نہ پہلے کچھ چھپایا نہ اب چھپائیں گے، الیکشن کمیشن دوبارہ شواہد مانگے گا تو دیں گے۔

ان کا کہنا ہےکہ بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کا مطلب ہے کہ دیگر جماعتوں کے فنڈ بھی چیک کیے جائیں، پی ٹی آئی کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی اسکروٹنی ہوتی رہی ہے اور ویب سائٹ پر ڈونرزکی لسٹ موجود ہے۔

دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود چور ہے: مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان چھپانے کے بجائے رسیدیں پیش کریں، قوم جاننا چاہتی ہے کہ 23 بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے کیوں چھپائے گئے؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو 23 اکاؤنٹس کے ملین ڈالر کا حساب دینا پڑے گا، اب عمران خان کے احتساب کی باری ہے، اب پتا چلا دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود چور ہے۔

فارن فنڈنگ کیس

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔

گذشتہ ماہ 10 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈز کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر کی گئی چار درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی کے خلاف درخواست بھی زیر سماعت ہے جس میں پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کوچیلنج کررکھاہے۔

مزید خبریں :