20 اگست ، 2012
ملتان … سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جیل میں رہا تو قیدی، وزیر اعظم ہاوٴس میں رہا تو وزیر اعظم اور اب عوام میں ہوں تو عوامی ہوں۔ یہ بات انہوں نے ملتان میں جیو نیوز کے بیورو چیف جمشید رضوانی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ میرا اسٹار جوزا (GEMMINI) ہے جس کی وجہ سے مجھے اپنے آپ کو حالات کے مطابق ڈھال کر تبدیل کرنے میں مشکل نہیں ہوتی، میری ذمہ داری کم ہوئی ہے، کچھ سکون ہے، عدلیہ کو دعائیں دیتا ہوں کہ ان کی وجہ سے میری عید دوبالا ہوگئی ہے، اپنے لوگوں میں عید کرنے کی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں رہا تو قیدی، وزیر اعظم ہاوٴس میں رہا تو وزیر اعظم اور اب عوام میں ہوں تو عوامی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کم ہوئی ہے، اتھارٹی وہی ہے، حکومت ہماری ہے کچھ سکون ہے۔