07 دسمبر ، 2019
پاکستان کے معروف نعت خواں مرحوم جنید جمشید کو دنیائے فانی سے گزرے 3 برس بیت گئے لیکن اپنی دلسوز آواز کی وجہ سے وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
جنید جمشید کو 90 کی دہائی میں ایک معروف گلوکار کے نام سے جانا جاتا تھا اور ان کا تعلق مشہور زمانہ بینڈ ’وائٹل سائن‘ سے تھا، ان کے مقبول ترین گانوں میں قومی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ ، ’تم مل گئے‘ ، ’سانولی سلونی‘ اور ’وہ کون تھی‘ شامل ہے۔
15 سال تک موسیقی کی دنیا میں بے شمار کامیابیاں سمیٹنے کے بعد سن 2004 میں جنید جمشید کی زندگی میں ایک بڑی اور مثبت تبدیلی آئی۔
انہوں نے گلوکاری کے کیرئیر کو خیرآباد کہہ کر اپنی باقی ماندہ زندگی اسلام کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا اور اپنے گزر بسر کے لیے جنید جمشید نے معروف کپڑوں کی برانڈ ’.J‘ کی بنیاد بھی رکھی۔
مرحوم جنید جمشید اور ان کی اہلیہ 3 سال قبل 7 دسمبر 2016 کو حویلیاں میں جہاز حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
مرحوم جنید جمشید نے ایک بہترین اور سچا مسلمان بننے کا عملی ثبوت پیش کیا، انہوں نے بے شمار نعتیہ کلام اور حمد باری تعالٰی پڑھیں جن میں سے چند مشہور کلام یہ ہیں۔
1. میرا دل بدل دے
2. الٰہی تیری چوکھٹ پر
3. محمد کا روزہ
4. دنیا کے اے مسافر
5. میرے نبی ﷺ