20 اگست ، 2012
اسلام آباد … بالائی علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے، اگلے 2 روز کے دوران ان علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر کے اکثر علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ منگل اور بدھ کے روز کشمیر میں شدید بارشوں کے پیش نظر مقامی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اگلے 2روز کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، مظفر آباد میں 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، ہزارہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین 44 ڈگری کے ساتھ گرم ترین مقام رہا۔ گلگت میں درجہ حرارت 41 ڈگری ، پشاور 39 ، کوئٹہ 38 ، کراچی 34، لاہور، مظفر آباد 33، اسلام آباد 31 اور مری میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔