15 دسمبر ، 2019
وکلاء کی جانب سے لاہور کے پنجاب انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے دوران پولیس کی لاپرواہی دیکھنے کو ملی جس پر حکومت نے علیحدہ سے انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی زیر صدارت ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بھی شامل ہیں۔
کمیٹی وکلاء کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعے کی انکوائری کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی اور ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلاء کا تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیرقانون راجہ بشارت کل وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنی سفارشات پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون نے پی آئی سی واقعے کے بعد اجلاس میں پولیس کے اعلیٰ حکام کی سرزنش کی اس لیے حکومت کی جانب سے پولیس غفلت پر بھی الگ سے انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔