پاکستان
Time 29 دسمبر ، 2019

سیالکوٹ میں ٹک ٹاک کے شوق نے مبینہ طور پر طالب علم کی جان لے لی

سیالکوٹ میں ٹک ٹاک کے شوق نے مبینہ طور پر طالب علم کی جان لے لی  جب کہ لواحقین نے دوستوں پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرادیا۔

پولیس کے مطابق گذشتہ روز سیالکوٹ کے علاقےکھروٹہ سیداں میں گولی لگنے سے فرسٹ ایئر کے طالب علم عمار کی موت واقع ہوگئی۔

عمار کے دوست ذوہیب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہاکہ وہ اپنے دیگر دوستوں عمار اور مسلم کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنارہا تھا کہ اس دوران عمار نے اپنے پیٹ پرپستول رکھی توگولی چل گئی اور وہ جاں بحق ہوگیا۔

ورثاء نے اس بیان کو ردکرتے ہوئے دونوں دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا اورمؤقف اختیار کیا کہ دونوں دوستوں کا کچھ دنوں قبل جھگڑا بھی ہوا تھا اور عمارکو قتل کیاگیا ہے۔

پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد دونوں دوستوں ذوہیب اورمسلم کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہناہےکہ ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں دوست آپس میں اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنارے ہیں لیکن یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ یہ ویڈیو اسی واقعے کی ہے یا پرانی تاہم تحیققات کے بعد حقائق سامنے لائیں گے کہ واقعہ قتل ہے یا اتفاقیہ گولی لگنے سے موت واقع ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سیلفی لینے کے جنون میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کئی نوجوان زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں ہیں۔

مزید خبریں :