29 دسمبر ، 2019
رحیم یار خان میں شادی کی تقریب میں آتش بازی مہنگی پڑگئی، پولیس نے دُلہے اوراس کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں ایک نجی شادی ہال شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران بارات کی آمد پر آتش بازی کی گئی۔
آتش بازی کے فوری بعد مقامی پولیس شادی ہال پہنچ گئی اور دلہا اور اس کے والد کے خلاف دفعہ 6 اے دھماکا خیز مواد ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کی جانب سے دلہے اور اس کے والد کو گرفتار نہیں کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ آتش بازی کرکے شہریوں کی جان ومال کوخطرے میں ڈالا گیا ہے۔