22 اگست ، 2012
پشاور…پشاور پولیس نے 19 جولائی کو قتل ہونے والے افغان مہاجر شریف کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ پشاور کے علاقہ پہاڑی پورہ پولیس نے 19 جولائی کو پخہ غلام میں قتل ہونے والے افغان مہاجر شریف کے قتل میں ملوث ملزمان ایک مرد اور 2 خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم لقمان نے اعتراف کیا ہے کہ مقتول کا اپنے بہنوئی سے لین دین پر تنازع چل رہا تھا اور بہنوئی کے کہنے پر ہی مقتول شریف کو قتل کیا ۔ قتل کے جرم میں شریک دونوں خواتین نے بھی جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کو اپنی زلفوں کا اسیر بناتے ہوئے جال میں پھنسایا اور ملزم لقمان کے حوالے کیا۔ خواتین ملزمان نے کہا کہ اس کے عوض ان کو گھر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے موبائل فون کے ذریعے ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔