کاروبار
Time 31 دسمبر ، 2019

ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھایا گیا ٹیرف صارفین پرلاگو نہیں ہوگا: کے الیکٹرک

وزارت توانائی نوٹیفکیشن جاری کرے گی جو صارفین پرلاگو کیا جائے گا: ترجمان کے الیکٹرک کا ردعمل— فوٹو:فائل

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھایا گیا ٹیرف صارفین پرلاگو نہیں ہوگا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریلگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 4 روپے 90 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کی 11 سہ ماہی درخواستوں پرفیصلہ جاری کیا جس کے مطابق کے الیکٹرک کے صارفین پرسالانہ 106 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

نیپرا نے بتایا کہ اس اضافے کے ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی اوسط قیمت 17 روپے 69 پیسے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اب ترجمان کے الیکٹرک کا وضاحت میں کہنا ہے کہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھایا گیا ٹیرف صارفین پرلاگو نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یونیفارم ٹیرف پالیسی کے تحت ٹیرف یکساں ہے، وزارت توانائی نوٹیفکیشن جاری کرے گی جو صارفین پرلاگو کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی کے صارفین کے لیے ایک روپیہ 40 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی تھی۔

مزید خبریں :