22 اگست ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وہ عید پر کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ چند روز میں بے نقاب کریں گے، وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان جانے والی بسوں کو اسلام آباد، کے پی کے پولیس اور گلگت بلتستان اسکاوٴٹس سیکیورٹی دیں گی، جبکہ بسوں کو کسی نے نشانہ بنانے کی کوشش کی تو پولیس ایسے شخص کو گولی مارسکتی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ دشمن ملک میں فرقہ وارانہ فساد کرانا چاہتا ہے، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،موجودہ حکومت دہشت گردی کے مسئلے سے احسن طریقے سے نمٹ رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ چند دنوں میں یہ بھی بتائیں گے کہ دشمن کراچی میں کیا کرانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی میں دہشت گردی کے وارداتوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے امن وامان کیلئے کی گئی حکومتی اقدامات کی حمایت کی ہے۔ رحمان ملک نے بتایا کہ امن وامان کیلئے حکومت بین المذاہب کونسل بننا چاہتی ہے، کونسل میں 7 ارکان شامل ہوں گے، امن و امان کیلئے جو بھی اقدامات کئے جائیں گے وہ عوامی مشاورت سے کریں گے۔