دنیا
Time 11 جنوری ، 2020

’پاکستان نے ایک بہترین دوست کھو دیا‘

فوٹو: فائل

عمان کے سلطان قابوس سعید السعید 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سلطان قابوس طویل عرصے سے بیمار تھے اور  گزشتہ ماہ ہی بیلجیئم میں طبی معائنے کے بعد وطن واپس آئے تھے جہاں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

سلطان قابوس کے انتقال پر عمان میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا  گیا ہے اور 40 روز قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

عمان کا شاہی خاندان 3 روز میں سلطان قابوس کے جانشین کا چناؤ کرنےکا مجاز ہے، شاہی خاندان 3 روز میں جانشین کا چناؤ نہ کر سکا تو کونسل اور عدالت فیصلہ کرے گی۔

جانشین کا چناؤ کرنے کے لیے عہدیداروں کے نام سلطان قابوس تجویز کر چکے ہیں۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق عمان نے حیثم بن طارق السعید کو نیا سلطان مقرر کر دیا ہے اور وہ ہفتے کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

غیر جانبدارانہ خارجہ پالیسی کے لیے مشہور سلطان قابوس نے 1970 میں عمان کا تخت سنبھالا تھا اور ان کے دور میں عمان نے ترقی کی کئی منزلیں سر کیں۔

پاکستان نے ایک بہترین دوست کھو دیا: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے سلطان قابوس بن سعید السعید کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک وژنری لیڈر تھے جنہوں نے عمان کو جدید ریاست میں تبدیل کیا۔

عمران خان نے کہا کہ عمان نے ایک پیار کرنے والا لیڈر اور پاکستان نے ایک دیرینہ دوست کھو  دیا ہے، اللہ رب العزت ان کی مغفرت فرمائیں۔


مزید خبریں :