پاکستان
23 اگست ، 2012

دہشت گردی پرقابوپانے کیلئے موبائل سمزپر سخت قوانین بنائے جائیں، الطاف حسین

 دہشت گردی پرقابوپانے کیلئے موبائل سمزپر سخت قوانین بنائے جائیں، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے وفاقی حکومت اورتمام ارباب اختیارسے کہاہے کہ ملک بھرمیں دہشت گردی ،دھماکوں،اغوابرائے تاوان،بھتہ اوردیگرتمام جرائم کی وارداتوں میں موبائل فون استعمال ہورہے ہیں لہٰذاملک میں دہشت گردی اورجرائم کی وارداتوں پرقابوپانے کیلئے موبائل فون اورسمز کے استعمال کے بارے میں سخت ترین قوانین بنائے جائیں۔ انہوں نے یہ بات وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ وزیرداخلہ رحمن ملک نے الطاف حسین کوبتایاکہ حکومت نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر عیدالفطرپرموبائل فون سروس معطل کردی تھی جس سے دہشت گردی کی روک تھام میں کافی مدد ملی ہے۔ وزیرداخلہ نے الطا ف حسین کوبتایاکہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں زیادہ تر چوری کے فون اورپری پیڈسمزاستعمال ہورہی ہیں لہٰذااب حکومت دہشت گردی پرقابوپانے کیلئے موبائل فون اورسمز کی خریدو فروخت کے حوالے سے مختلف اقدامات کررہی ہے اورپری پیڈ فون کے استعمال پر پابندی پر بھی غورکررہی ہے۔ الطاف حسین نے دہشت گردی کی روک تھام کے سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی وقتل وغارت کی روک تھام اورجرائم پر قابوپانے کیلئے جلدازجلدموٴثر اقدامات کرے کیونکہ انسانی جان سے بڑھکر کوئی چیزنہیں اور انسان کسی بھی مذہب، فقہ، مسلک یاکسی بھی عقیدے یانظریہ کا ماننے والاہواس کی جان کے تحفظ کیلئے جوبھی قد م ہو اٹھایاجانا چاہیے ۔یہ پاکستان کی خدمت کے ساتھ ساتھ عبادت بھی ہے۔ الطاف حسین نے وزیرداخلہ رحمن ملک سے 13سالہ مسیحی لڑکی رمشاء کی گرفتاری اوراس پر مقدمہ بنائے جانے پر افسوس کااظہارکیااورکہاکہ اس طرح کے واقعات مذہبی اقلیتوں میں عدم تحفظ، تشویش اوربے چینی پھیلارہے ہیں لہٰذاایسے واقعات کی روک تھام ہوناچاہیے ۔ وزیرداخلہ رحمن ملک نے اس معاملے کے جلدازجلد حل کی یقین دہانی کرائی۔رحمن ملک نے ملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے الطا ف حسین کی کوششوں کوسراہا۔


مزید خبریں :