کاروبار
Time 15 جنوری ، 2020

کراچی: محکمہ فائر بریگیڈ کو 10 روز سے ڈیزل کی فراہمی معطل

 کراچی میں محکمہ فائر بریگیڈ کو 10 روز سے ڈیزل کی فراہمی معطل—فوٹو فائل

کراچی: محکمہ فائر بریگیڈ کو 10 روز سے ڈیزل کی فراہمی معطل ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں 23 میں سے 18 فائر اسٹیشنز بند ہیں جن میں 5 فائر اسٹیشن گاڑیوں کی خرابی  اور دیگر پیٹرول و ڈیزل کی عدم فراہمی کے باعث بند ہیں۔

بند فائر اسٹیشنوں میں لانڈھی، سہراب گوٹھ، نیو کراچی، گلشن اقبال، سائٹ سپر ہائی وے ٹو کے اسٹیشن شامل ہیں جب کہ ناظم آباد، کورنگی، بلدیہ، بولٹن مارکیٹ اور سوک سینٹر فائر اسٹیشنوں میں بھی کھڑی فائر ٹینڈرز میں برائے نام ڈیزل موجود ہے۔

اس کے علاوہ  لیاری، سائٹ ایریا، اورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی،منظور کالونی اور  بھینس کالونی فائر اسٹیشنز میں موجود فائر ٹینڈرز میں فنی خرابیاں ہیں جس کے باعث آپریشن معطل ہے۔

فائر بریگیڈ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ آتشزدگی کے نتیجے میں جہاں انسانی جانوں کے نقصان کا خدشہ ہوگا صرف وہیں پر  ریسکیو آپریشن کے لیے گاڑیاں روانہ کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ 2 ماہ میں تین بارپیٹرول اورڈیزل کی فراہمی بند کی گئی جس کے باعث جہاں آگ لگنے کا واقعہ پیش آتا ہے ان ہی سے تیل مانگ کر ریسکیو کارروائی کی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمے نے 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے لیکن فائر فائٹرز کو اوور ٹائم دینے کی وجہ سے پیٹرول پمپ مالکان کو ادائیگی نہیں کی گئی جس وجہ سے گاڑیوں کو تیل کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :