23 اگست ، 2012
لندن…ممتازشیعہ علمائے کرام علامہ علی کرارنقوی، علامہ عباس کمیلی اورعلامہ اطہرمشہدی نے اہل تشیع کمیونٹی کے قتل عام کے خلاف جراتمندانہ اندازمیں آوازاٹھانے اورحقائق بیان کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کوفون کرکے تمام مظلوم عوام خصوصاًشیعہ کمیونٹی کی جانب سے ان کادلی شکریہ اداکیاہے اوراس جراتمندی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔علامہ علی کرارنقوی نے الطا ف حسین سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں آج تک کوئی سیاسی رہنماایسانہیں گزراجس نے اس جراتمندی اوربے باکی کے ساتھ حق گوئی کااظہارکیاہو۔آپ نے جبروگھٹن کے ماحول میں حق گوئی کے ذریعے حق پرستانہ ادا کیا ہے۔آپ کے بیان سے اہل تشیع ہی نہیں بلکہ اہل سنت بھی خوش ہیں۔علامہ علی کرارنقوی نے کہاکہ ہم کسی بھی مذہب، فقہ یامسلک کے ماننے والوں سے نفرت نہیں کرتے ،سب کواپناسمجھتے ہیں اورمذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں آپ کے ساتھ ہیں۔ علامہ عباس کمیلی نے الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے ان کے جراتمندانہ بیانات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ کے بیانات میں بیان کی گئیں باتیں سراسرحقائق پر مبنی ہیں جن سے انکارنہیں کیا جاسکتا۔ بعض عناصراپنے مذموم مقاصدکیلئے قوم کوگمراہ کررہے ہیں اورنفرتیں پھیلارہے ہیں لیکن آپ نے تاریخی حوالوں کے ذریعے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرکے بہت بڑاکام کیاہے جس پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں ۔ علامہ اطہرمشہدی نے الطا ف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ہر مظلوم ومعصوم عوام کیلئے ہمیشہ آوازبلندکی ہے اور آپ کے حالیہ جراتمندانہ بیانات اورحق گوئی سے مظلوم عوام کوبہت حوصلہ ملاہے۔ آپ حق پرہیں، حق بیان کررہے ہیں اورہم حق کے ساتھ ہیں ۔ آپ کاساتھ دیناحق کاساتھ دیناہے۔ الطا ف حسین نے علامہ علی کرارنقوی، علامہ عباس کمیلی اورعلامہ اطہرمشہدی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں آپ کے خیالات اورجذبات کی قدرکرتاہوں ، میں نے ہمیشہ نتائج کی پرواہ کئے بغیر حق بیان کیاہے اورکرتارہوں گاکیونکہ مجھے میرے والدین نے یہی درس دیاتھاکہ یہ مت دیکھوکہ اکثریت میں کون ہے ، بلکہ یہ دیکھوکہ حق پرکون ہے۔ تمام علمائے کرام نے الطا ف حسین کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوراتحادویکجہتی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں اپنے بھرپورتعاون کایقین دلایا۔