Can't connect right now! retry

پاکستان
18 جنوری ، 2020

نفیسہ شاہ بھی بینظیر پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل؟ ثانیہ نشتر نے وضاحت کردی

ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سچ کہنا چاہیئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر— فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے فائدہ اٹھانے والوں میں پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹرنفیسہ شاہ شامل نہیں ہیں۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرنفیسہ شاہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 'ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سچ کہنا چاہیئے اور پاکستان اور ملک کے پسماندہ ترین غریب عوام کے مفاد میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کا ساتھ دینا چاہیئے'۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ دسمبر 2019 میں وفاقی حکومت نے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ناجائز فائدہ اٹھانے پر فہرست سے نکال دیا تھا۔

احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہناتھا کہ بی آئی ایس پی سے نکالے گئے تمام غیر مستحق افراد 2011 سے سپورٹ فنڈ حاصل کر رہے تھے اور ان میں ایک لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین بھی شامل تھے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق ان سرکاری ملازمین میں گریڈ ایک سے 16 تک کے اہلکار شامل تھے جب کہ گریڈ 17 کے بھی 4 افسران کا نام اس فہرست میں پایا گیا ہے۔

غیر مستحق افراد کے انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں سرگرم تھیں کہ ان افراد کی فہرست میں پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی صاحبزادی نفیسہ شاہ کا نام بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے ایسے افراد کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں شکایات درج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ایک حالیہ ٹوئٹ میں ان فواہوں کو تحریک انصاف کی سازش اور پروپیگنڈا قراردیتے ہوئے اپنے حق میں آواز اٹھانے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM