Time 25 جنوری ، 2020
کھیل

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی بنگلادیش کو شکست، پاکستان کو فیصلہ کن برتری حاصل

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ 

بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 5 کے مجموعی اسکور پر محمد نعیم بغیر  کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا شکار ہوگئے۔

بنگلادیش کی دوسری وکٹ 22 رنز پر گری جب مہدی حسن9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ لٹن داس  8 اور عفیف 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔  

اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے لیکن عماد وسیم کی بال پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ آخر میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ حارث رؤف کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جب کہ شاداب خان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

— فوٹو: پی سی بی 

بنگلادیش کے 137 رنز کے ہدف میں پاکستان کی اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احسان علی نے کیا تاہم 6 کے مجموعی اسکور پر احسان علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 

 اس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس نے 17 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ 

محمد حفیظ 67 اور بابر اعظم 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ دوسری وکٹ کی شراکت میں دونوں کے درمیان 131 رنز کی ساجھے داری ہوئی۔ بنگلادیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

گرین شرٹس نے اس جیت کے ساتھ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری  حاصل کرلی ہے۔ 

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا آخری میچ 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :